ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملک کو دفاعی طور پر خود کفیل اور ایکسپورٹس کو بڑھاوا دیناایرشوکامقصد ، ایر شو کے آغاز سے متعلق اخباری کانفرنس میں راجناتھ سنگھ کااظہارخیال

ملک کو دفاعی طور پر خود کفیل اور ایکسپورٹس کو بڑھاوا دیناایرشوکامقصد ، ایر شو کے آغاز سے متعلق اخباری کانفرنس میں راجناتھ سنگھ کااظہارخیال

Mon, 13 Feb 2023 12:37:09    S.O. News Service

بنگلورو، 13/فروری(ایس او  نیوز) بنگلورو شہر میں 14واں ایرو انڈیا ایر شو پیر سے شروع ہونے جا رہا ہے جس کا افتتاح وزیر اعظم نریندرا مودی کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ مضافات بنگلور و یلہنکا ایر بیس میں ہونے والے اس ایر شو کے دوران دفاعی امور پر مختلف سمینار اور مختلف ممالک کے وزرائے دفاع کی ایک کانفرنس بھی ہونے جا رہی ہے۔

 اخباری کانفرنس میں مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے ایئر شو کی خصوصیات اور اس سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری او رروزگار کے امکانات کے بارے میں اپنے خیالات پیش کئے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اس ایر شو میں 67قسم کے طیارے اڑانوں میں حصہ لیں گے اور 37قسم کے طیارے ٹارمیک پر موجود رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایئر شو میں حصہ لینے کے لئے 98ممالک کے وفود بنگلور و پہنچے ہوئے ہیں ان ممالک سے دفاعی تعاون کو بڑھاوا دینے کے لئے الگ الگ سطحوں پر بات چیت ہو گی۔ اس کے علاوہ دنیا کی بڑی بڑی دفاعی کمپنیوں کے چیف ایگزی کٹیو آفیسر بھی بنگلور و پہنچے ہیں ان کے ساتھ بھی ایک کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایئر شو کا ایک اہم مقصد ملک کو دفاعی طور پر خود کفیل بنانے کے ساتھ ساتھ دفاعی ایکسپورٹس کو بڑھاوا دینا ہے۔ راجناتھ نے کہا کہ اس بار کا ایئر شو تاریخ کا سب سے بڑا ایئر شو ہے اس میں 35ہزار مربع میٹر کی دفاعی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں دنیا بھر سے 809دفاعی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ اس میں ہندوستانی صنعت کاروں کے لئے ایک مخصوص انڈیا پویلین لگا ہے جس کا افتتاح بھی پیر کے روز عمل میں آئے گا۔

بسواراج بومئی نے اس موقع پر کہا کہ شہر بنگلورو میں متعدد دفاعی کمپنیاں قائم ہو ئی ہیں اور ان سے روزگار کے متعدد مواقع بھی میسر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاعی ایکسپورٹس میں صرف شہر بنگلورو کا حصہ 67 فیصد ہے۔ آنے والے دنوں میں بنگلور و سے ہٹ کر کرناٹک کے دوسرے درجہ کے شہروں میں فاعی صنعتوں کے قیام کے لئے حکومت کی طرف سے ترغیبات دی جائیں گی۔

اس موقع پر محکمہ دفاع کے جوائنٹ سکریٹری نٹراجن، کرناٹک کی چیف سکریٹری وندیتا شرما، اڈیشنل چیف سکریٹری گورو گپتا، ای وی رمنا ریڈی او ر دیگر اعلیٰ افسر موجود تھے۔


Share: